کور کمانڈر کوئٹہ کا ضلع واشک کی دورافتادہ تحصیل ماشکیل کا دورہ، ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پرواز فاؤنڈیشن کے زیر انتظام دوبارہ فعال رورل ہیلتھ سینٹرکا معائنہ

واشک (زیبائے پاکستان )کور کمانڈر کوئٹہ کا ضلع واشک کی دورافتادہ تحصیل ماشکیل کا دورہ، ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پرواز فاؤنڈیشن کے زیر انتظام دوبارہ فعال رورل ہیلتھ سینٹرکا معائنہ
کورکمانڈر کوئٹہ نے ضلع واشک کی دورافتادہ تحصیل ماشکیل کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پرواز فاؤنڈیشن کے زیر انتظام دوبارہ فعال کیے گئے رورل ہیلتھ سنٹر کا معائنہ کیا، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز و عملے سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ رورل ہیلتھ سنٹر ماشکیل طویل عرصے سے غیر فعال رہنے کے باعث کھنڈر کی صورت اختیار کر چکا تھا، جسے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی فلاحی تنظیم پرواز فاؤنڈیشن نے جذبہ خدمتِ انسانیت کے تحت مکمل طور پر فعال کرتے ہوئے 24 بستروں پر مشتمل ہیلتھ سنٹر میں تبدیل کر دیا۔ جس میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروسز بحال کی گئی ہیں اور ماں و بچے کی صحت (Maternal & Child Health) سے متعلق خدمات بھی دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے3 ڈاکٹرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا، جبکہ پہلی دفعہ لیڈی ڈاکٹر کو خصوصی طور پر پوسٹ کیا گیا، جو کہ ماشکیل کی رہائشی ہیں اور اس سے قبل کوئٹہ میں فرائض انجام دے رہی تھیں۔

کور کمانڈرکوئٹہ نے تحصیل ماشکیل کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا، امن و امان کی بہتر صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر جاری پیش رفت کو سراہا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
