ڈاکٹر لعل خان کاکڑ کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس، سیاسی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) شہید ایڈووکیٹ باز محمد کاکڑ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر لعل خان کاکڑ کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر لعل کاکڑ نے کی۔اجلاس میں سیاسی کارکنوں، وکلاء، طلباء، مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والوں کے علاوہ عیسائی برادری کے افراد نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈاکٹر لعل خان کاکڑ نے اس موقع پر اپنے دوستوں، ساتھیوں، حامیوں اور مداحوں کے ہمراہ باقاعدہ طور پر سیاست میں قدم رکھنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔اس سیاسی اور سماجی تحریک کا مقصد بلوچستان، خصوصاً شہر کوئٹہ میں ایسی قیادت کو فروغ دینا ہے جو ذات، قبیلے، زبان اور فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کو اولین ترجیح دے۔ تحریک کا منشور ’انسانیت پہلے‘ کے اصول پر مبنی ہے، جس کے تحت تعلیمی اصلاحات، معیاری صحت کی سہولیات، روزگار کے نئے مواقع، نوجوانوں کی ترقی، چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی اور عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اس کے علاوہ کوئٹہ کے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لعل خان کاکڑ نے کہا کہ یہ تحریک معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرت، تقسیم اور تعصب کے خاتمے کے لیے کام کرے گی۔ بلوچستان کے تمام طبقات، قومیتوں اور زبانوں کے درمیان امن، برداشت، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دے کر ایک پرامن، ترقی یافتہ اور متحد بلوچستان کی بنیاد رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحریک عوام کے امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے سماجی اور سیاسی سطح پر قابلِ رشک تعمیری کردار ادا کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.