
کوئٹہ (زیبائے پاکستان)کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر نادرا آفس کے قریب گلی میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک شہری کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پولیس کے مطابق آغا عبدالمالک اپنے ایک دوست کے ہمراہ گاڑی نمبر AAZ-924 میں جا رہا تھا کہ اسی دوران ملزمان نے کرولا کار کے ذریعے انہیں روک کر اغوا کرنے کی کوشش کی۔
مزاحمت کرنے پر ملزمان نے تشدد کیا جس کے نتیجے میں آغا عبدالمالک زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
متعلقہ پولیس اسٹیشن نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی ماضی میں بھی مختلف جرائم میں ملوث پائی گئی ہے۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
