* بعض عناصر سیاسی مخالفت میں اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر رہے ہیں،ظفر اللہ زہری

0

سوراب (زیبائے پاکستان )ترجمان رکنِ بلوچستان اسمبلی نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری نے سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب جعلی اور من گھڑت بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عناصر سیاسی مخالفت میں اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق شہید نواب اکبر خان بگٹی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل کیا جانے والا بیان سراسر جھوٹ، بے بنیاد اور شرانگیزی پر مبنی ہے، جس کا نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری ایک اصولی اور واضح مؤقف رکھنے والے سیاسی رہنما ہیں، جو ہمیشہ اپنے بیان اور نظریے پر قائم رہتے ہیں۔ ان کے نام سے جھوٹے بیانات پھیلانا سیاسی بزدلی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے قومی و قبائلی اکابرین کے خلاف غیر مناسب زبان استعمال کرنا نہ ہماری قبائلی روایت کا حصہ ہے اور نہ ہماری سیاست کا۔ سوشل میڈیا پر جعلی پوسٹیں اور منفی پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ سائبر کرائم قوانین کے تحت ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور جعلی سوشل میڈیا پوسٹوں پر یقین نہ کریں اور صرف آفیشل مؤقف کو ہی معتبر سمجھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.