
دالبندین (زیبائے پاکستان )دالبندین کے نواحی علاقے میں نامعلوم کار سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو شدید زخمی کر دیا اور ایک پندرہ سالہ نوجوان کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے علاقے میں پہنچ کر فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر محمد اعظم اور ابرار احمد زخمی ہو گئے، جبکہ ملزمان پندرہ سالہ نوجوان ویرم ولد حاجی مسلم درانی کو زبردستی اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری و مغوی نوجوان کی بازیابی کے لیے تحقیقات اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف مقامات پر چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ دوسری جانب فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال دالبندین میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے پیشِ نظر مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
