قومی استحکام کے لیے بلاول بھٹو زرداری سے دور اندیش فیصلوں اور بلوچستان پرنٹ میڈیا کی توقعات

0

(زیبائے پاکستان )دنیا کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ قوموں کی ترقی صرف وسائل، جغرافیہ یا عسکری قوت سے ممکن نہیں ہوتی بلکہ اصل بنیاد وژنری قیادت ہوتی ہے۔ ایسی قیادت جو آنے والے خطرات کو وقت سے پہلے محسوس کرے، عوامی احساسات کو سمجھے، ریاستی کمزوریوں کا ادراک رکھے اور وقتی مفادات کے بجائے قومی مستقبل کو ترجیح دے۔ وژن رکھنے والا رہنما صرف اپنی جماعت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مستقبل سنوارتا ہے، جبکہ بصیرت سے محروم قیادت قوموں کو بحرانوں، بے یقینی اور داخلی خلفشار کی طرف دھکیل دیتی ہے۔بدقسمتی سے آج پاکستان کو بھی اسی نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں۔ ملک میں وژنری قیادت کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے، جبکہ بیشتر بااختیار حلقے زمینی حقائق اور مستقبل کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ دکھائی نہیں دیتے۔ اس صورتحال کی سب سے نمایاں مثال بلوچستان اور خیبرپشتونخوا ہیں، جہاں دہائیوں سے موجود سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مسلسل گمبھیر ہوتے جارہے ہیں۔ یہ صرف دو صوبوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے داخلی استحکام، عالمی ساکھ اور قومی یکجہتی کا معاملہ ہے۔
یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ بلوچستان اور خیبرپشتونخوا میں بدامنی، احساسِ محرومی، بے روزگاری، سیاسی بے اعتمادی اور اظہارِ رائے سے متعلق خدشات نے ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھائے ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ سیاسی حکمتِ عملی، عوامی اعتماد کی بحالی اور دور رس پالیسیوں کی ضرورت تھی، مگر افسوس کہ کئی مواقع پر ایسے اقدامات کیے گئے جنہوں نے مسائل کم کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ بنادیے۔
بلوچستان کابینہ کے 16 اپریل کے اجلاس میں پرنٹ میڈیا سے متعلق متنازع فیصلے کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ صوبے کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں، صحافتی تنظیموں اور سماجی حلقوں نے اس فیصلے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا، کیونکہ پرنٹ میڈیا کو محدود کرنا دراصل عوامی آواز، فکری آزادی اور جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کے مترادف سمجھا جاتا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ شدید ردعمل کے باوجود اس فیصلے پر نظرثانی کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔
اس کے برعکس پنجاب میں ستمبر 2024 میں اسی نوعیت کا فیصلہ سامنے آیا تھا، مگر وہاں حکومت نے صحافتی حلقوں اور عوامی ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ماہ کے اندر اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ یہی فرق وژن اور ضد میں ہوتا ہے۔ دور اندیش قیادت اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے میں عار محسوس نہیں کرتی، کیونکہ اس کی ترجیح انا نہیں بلکہ ریاستی استحکام ہوتا ہے۔
اس وقت بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت قائم ہے۔ مسلم لیگ (ن) اکثریت رکھنے کے باوجود حکومت پیپلز پارٹی کے سپرد کرچکی ہے، لہٰذا اب دونوں جماعتوں پر یہ تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صوبے کے سلگتے مسائل کو سیاسی بصیرت کے ساتھ حل کریں۔ بلوچستان جیسے حساس صوبے میں ایسے فیصلوں سے گریز ضروری ہے جو پہلے سے موجود بے چینی میں اضافہ کریں اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کے لیے تنقید کا باعث بنیں۔
پاکستان میں آج کل بلاول بھٹو ایک وژنری سیاسی رہنما کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ یقیناً نوجوان قیادت کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے کہ وہ محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے عملی سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرے۔ بلوچستان جیسے حساس معاملات میں اگر عوامی رائے، صحافتی آزادی اور سیاسی ہم آہنگی کو ترجیح دی جاتی ہے تو یہی حقیقی وژنری قیادت کی علامت ہوگی۔ کیونکہ تاریخ صرف اقتدار کو نہیں بلکہ فیصلوں کی دانشمندی کو یاد رکھتی ہے۔
آج پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت ایسے فیصلوں کی ہے جو فاصلے کم کریں، اعتماد بحال کریں اور محرومیوں کے خاتمے کا سبب بنیں۔ ریاستیں طاقت سے نہیں بلکہ انصاف، مکالمے اور عوامی اعتماد سے مضبوط ہوتی ہیں۔ اگر بلوچستان اور خیبرپشتونخوا کے مسائل کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو یہ صرف صوبائی بحران نہیں رہے گا بلکہ قومی مستقبل کے لیے ایک مستقل خطرہ بن سکتا ہے۔ وقت کا تقاضا یہی ہے کہ قیادت سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر دور اندیشی، برداشت اور قومی مفاد کا راستہ اختیار کرے، کیونکہ مضبوط پاکستان کی بنیاد صرف مضبوط وفاق نہیں بلکہ مطمئن اکائیوں پر قائم ہوتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.