
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) کوئٹہ کے ٹرانسپورٹرز، نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سینئر، قابل، ایماندار اور پیشہ ور آفیسر، سابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ و کمرشل اسٹیٹ انجنئیر ذین کاسی کو فوری طور پر دوبارہ ڈائریکٹر کا چارج دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے بہترین مفاد میں اقدامات اٹھانے والے افسران کے خلاف کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انجنئیر ذین کاسی کو فوری بحال نہ کیا گیا تو احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہونگے۔ آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، وائس چیئرمین حاجی موسیٰ جان اچکزئی ، حاجی نصراللہ دھوار ، پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے ظاہر شاہ کاکڑ، وزیر خان اقبال سرگڑھ اور دیگر نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ انجنئیر ذین کاسی نے ہمیشہ قانون، میرٹ اور عوامی مفاد کو ترجیح دی اور کوئٹہ شہر کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے ایماندار اور فرض شناس افسران کو بعض عناصر کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ غیر قانونی مفادات کے راستے کھولے جاسکیں، مگر باشعور عوام اب خاموش نہیں رہیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ انجنئیر ذین کاسی نے ٹاؤن پلاننگ اور کمرشل اسٹیٹ کے شعبوں میں شفافیت، قانون کی بالادستی اور شہری مفادات کے تحفظ کیلئے جراتمندانہ فیصلے کئے، جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں ان کی عزت و احترام میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ انجنئیر ذین کاسی کو فوری طور پر ان کے عہدے پر بحال کیا جائے اور ایماندار افسران کے خلاف جاری غیر ضروری دباؤ اور انتقامی ہتھکنڈوں کا نوٹس لیا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر اس معاملے کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو تاجر، ٹرانسپورٹرز، سیاسی جماعتیں، سماجی تنظیمیں اور قبائلی عمائدین مشترکہ احتجاجی تحریک چلانے سمیت سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہوں گے۔
