قلات: پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر شاندار تقریبات، ریلی اور پرچم کشائی

0

قلات (زیبائے پاکستان)قلات سمیت ملک بھر کی طرح پاک چین دوستی کے 75ویں یومِ تاسیس کی تقریبات قومی جوش و جذبے، والہانہ عقیدت اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ منائی گئیں۔ اس سلسلے میں ضلع قلات میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام، سیاسی و قبائلی عمائدین، سرکاری افسران اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریبات کا آغاز ڈپٹی کمشنر کمپلیکس قلات میں قومی پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی اور ڈی ایس پی ماہیوال نے قومی پرچم لہرایا جبکہ پولیس فورس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا اور شرکاء نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کے حق میں نعرے لگائے۔

تقریب میں موجود شرکاء نے پاک چین تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، اخلاص، برادرانہ تعاون اور مشترکہ ترقی کی روشن مثال قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوئی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی اور ڈی ایس پی ماہیوال نے کی۔ ریلی میں شہریوں، نوجوانوں، طلباء، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہو کر قلات بازار اور شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری اور واپس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں پاکستانی اور چینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر پاک چین دوستی کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکاء “پاک چین دوستی زندہ باد” اور “پاکستان چین بھائی بھائی” کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت اور موثر انتظامات کیے گئے تھے تاکہ تقریب کو پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔

اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی نے کہا کہ پاک چین دوستی محض سفارتی تعلقات کا نام نہیں بلکہ یہ باہمی اعتماد، اخلاص، بھائی چارے اور مشترکہ مفادات پر مبنی ایک لازوال رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دے کر دنیا کے سامنے دوستی کی ایک مثالی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے قومی مفادات، خودمختاری اور ترقی کے سفر میں بھرپور تعاون کیا ہے اور ہر مشکل وقت میں ایک سچے اور مخلص دوست کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا عظیم منصوبہ ہے، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر قلات نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے، اور دونوں ممالک کے عوام اس لازوال رشتے پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک ترقی، خوشحالی اور استحکام کے نئے سنگ میل عبور کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی نے پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کی دائمی دوستی کے فروغ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.