کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی سینئر رہنما اور معروف قبائلی شخصیت میر خیر اللہ جتک نے کہا ہے کہ رکن بلوچستان اسمبلی میر علی مدد جتک نے عوام کے ووٹ کا حق حقیقی معنوں میں ادا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 45 میں ریکارڈ ترقیاتی کام، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات میر علی مدد جتک کی عوام دوست قیادت کا واضح ثبوت ہیں۔اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں آج حلقہ پی بی 45 ترقی، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کی نئی مثال بن چکا ہے۔سڑکوں، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جس انداز میں اقدامات کیے گئے ہیں، اس سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوا ہے اور عوام اپنے منتخب نمائندے کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔میر خیر اللہ جتک نے کہا کہ میر علی مدد جتک نے ہمیشہ عوامی مفادات کو مقدم رکھا اور ہر مشکل وقت میں اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کی شبانہ روز محنت، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے نے انہیں بلوچستان کی مؤثر سیاسی قیادت میں نمایاں مقام دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو چاہیے کہ میر علی مدد جتک کی بہترین عوامی خدمات، سیاسی بصیرت اور تنظیمی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں صوبائی کابینہ میں شامل کرے تاکہ وہ پورے بلوچستان کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ میر خیر اللہ جتک نے کہا کہ میر علی مدد جتک جیسے عوامی نمائندے پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہوں نے اپنے کردار، کارکردگی اور عوامی رابطے سے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی قیادت ان کی خدمات کا ضرور اعتراف کرے گی اور انہیں مزید اہم ذمہ داریاں سونپے گی تاکہ صوبے میں ترقی کا سفر مزید تیز ہو سکے۔
