کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کو بلوچستان کے لیے ایک نیک شگون اور مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس میں کیے گئے فیصلے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے استحکام، امن اور ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کئی دہائیوں سے بدامنی، بے روزگاری، پسماندگی، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ایسے حالات میں تمام سیاسی، سماجی اور قومی قوتوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر بلوچستان کے مسائل پر سنجیدہ غور و فکر کرنا ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان کے عوام کے تحفظ، قومی شاہراہوں پر امن و امان کی بحالی، لاپتہ افراد، تعلیم، صحت، روزگار، سرمایہ کاری، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور صوبے کے آئینی و جمہوری حقوق کے حوالے سے جن نکات پر اتفاق رائے پیدا کیا گیا، ان پر فوری اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیاسی مکالمہ، قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور عوامی اعتماد کی بحالی بنیادی ستون ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ عوام کے مسائل کا دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔ صوبائی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی بلوچستان نے کہا کہ وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی سفارشات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام میں احساسِ محرومی کا خاتمہ ہو اور صوبہ ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ سید صادق آغا نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں منعقدہ یہ آل پارٹیز کانفرنس بلوچستان کے لیے ایک نئے سیاسی باب کا آغاز ثابت ہوگی اور اس کے نتیجے میں صوبے میں امن، بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
