قلات: دن دیہاڑے موبائل شاپ پر مسلح ڈکیتی، تاجروں میں خوف و ہراس

0

قلات (زیبائے پاکستان )قلات میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات نے شہریوں اور تاجر برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آج تقریباً 4 بجے ڈیلیکس موبائل زون پر تین نقاب پوش مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر واردات کی اور دکان سے نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے۔
ڈیلیکس موبائل زون کے مالک نے میڈیا کو بتایا کہ مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر ان سے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے نقدی اور تقریباً چالیس ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چھین لیا۔ انہوں نے بتایا کہ واردات کے وقت ایک صارف، جس کا تعلق ہندو برادری سے تھا، بل جمع کروانے کے لیے دکان پر آیا ہوا تھا، ملزمان نے اس سے بھی تیس ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین لیا جبکہ اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
متاثرہ دکاندار کے مطابق ڈیلیکس موبائل زون قلات سٹی تھانہ اور صدر تھانے کے قریب واقع ہے، اس کے باوجود دن کے وقت مسلح افراد کا اس طرح واردات کرنا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
واقعے کے بعد عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ شہریوں اور تاجر برادری کا کہنا ہے کہ اگر پولیس تھانوں کے قریب واقع دکانیں بھی محفوظ نہیں تو دور دراز علاقوں میں کاروبار کرنے والے دکانداروں کا تحفظ کیسے ممکن ہوگا۔
تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، شہریوں اور تاجروں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ اب دن کے اوقات میں بھی کاروباری طبقہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.