چاغی کے متاثرہ شہریوں کے لیے میر صادق سنجرانی متحرک، چیئرمین نادرا کو خط

0

چاغی (زیبائے پاکستان )اسلام آباد رکنِ بلوچستان اسمبلی اور سابق چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق خان سنجرانی نے ضلع چاغی کے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے قومی شناختی کارڈز (CNICs) بلاک ہونے کے معاملے پر چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو تفصیلی خط ارسال کر دیا ہے۔

خط میں میر صادق سنجرانی نے چیئرمین نادرا کی توجہ اس اہم عوامی مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ضلع چاغی کے سرحدی علاقوں کے عوام کے ایران اور افغانستان میں قریبی رشتہ داریاں، تاریخی سماجی روابط اور کاروباری تعلقات موجود ہیں، جس کے باعث سرحد پار آمدورفت ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف سفری ریکارڈ (Travel History) کی بنیاد پر، بغیر کسی پیشگی اطلاع اور وضاحت کا موقع دیے متعدد پاکستانی شہریوں کے شناختی کارڈز بلاک کیے گئے ہیں، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

محمد صادق خان سنجرانی نے کہا کہ متاثرہ افراد میں سرکاری ملازمین، طلبہ، کاروباری حضرات اور دیگر قانون پسند شہری شامل ہیں، جو شناختی کارڈ کی بندش کے باعث بینکنگ، سرکاری امور اور دیگر ضروری معاملات انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین نادرا سے مطالبہ کیا کہ نادرا کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک خصوصی بورڈ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر دالبندین بھیجا جائے، جو متاثرہ شہریوں کو ذاتی طور پر طلب کرکے ان کے معاملات کی شفاف اور میرٹ پر جانچ پڑتال کرے، تاکہ حقیقی پاکستانی شہریوں کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

محمد صادق خان سنجرانی نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین نادرا اس اہم عوامی مسئلے پر فوری، منصفانہ اور ہمدردانہ اقدامات اٹھائیں گے تاکہ چاغی کے عوام کو درپیش مشکلات کا جلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.