کوئٹہ(زیبائے پاکستان) جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے سوات میں امن مظاہرے کے دوران ہونے والے بم حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز عمل ہے۔
انہوں نے شہداء کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ تمام زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ شہداء کے اہلِ خانہ کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
