صحافی شاہد مینگل کی گزشتہ روز اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال قلات منتقل

0

قلات(زیبائے پاکستان) قلات سے تعلق رکھنے والے صحافی شاہد مینگل کی گزشتہ روز اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال قلات منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی وارڈ میں بنیادی طبی سہولیات کی شدید کمی دیکھنے میں آئی۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں نہ صرف انجیکشن دستیاب نہیں تھے بلکہ سرنج جیسی بنیادی طبی اشیاء بھی موجود نہیں تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ شاہد مینگل گردوں اور معدے کی شدید تکلیف میں پوری رات اذیت سے تڑپتے رہے، تاہم ضروری ادویات اور طبی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث بروقت علاج ممکن نہ ہو سکا۔ دوسری جانب رات کے وقت کرفیو کی وجہ سے شہر بھر کی میڈیکل اسٹورز بھی بند تھیں، جس سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومتی اقدامات کے باعث رات کے وقت تمام میڈیکل اسٹورز بند رکھے جاتے ہیں تو کم از کم ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی میں تمام ضروری ادویات، انجیکشن، سرنج اور دیگر بنیادی طبی سہولیات ہر وقت دستیاب ہونی چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی جان بچائی جا سکے۔
قلات کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحت کے شعبے، خصوصاً ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ایمرجنسی وارڈ میں ادویات اور طبی سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ صحت کی بنیادی سہولیات ہر شہری کا آئینی اور بنیادی حق ہیں، جن سے انہیں محروم نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں ادویات اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندوں پر عائد ہوگی۔
قلات کے عوام نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات میں ایمرجنسی ادویات، طبی آلات اور عملے کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.