جھل مگسی: مسجد کے پیش امام نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

0

جھل مگسی (زیبائے پاکستان): ضلع جھل مگسی کے علاقے گوٹھ راہیجہ محمدانی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک مسجد کے پیش امام جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت غازی خان ولد محمد بخش کھوسہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع شہدادکوٹ، سندھ کے رہائشی تھے اور گوٹھ راہیجہ محمدانی کی مقامی مسجد میں بطور پیش امام فرائض انجام دے رہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جھل مگسی سٹی پولیس فوری طور پر متحرک ہوگئی۔ SHO کی اطلاع پر ڈی ایس پی جھل مگسی سرکل پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں شواہد اکٹھے کیے گئے اور مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے آر ایچ سی جھل مگسی منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم، آخری اطلاعات موصول ہونے تک قتل کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی تھیں، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.