قلات: ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی میں بنیادی طبی سامان کی قلت، عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت تعاون شروع کر دیا

0

قلات(زیبائے پاکستان) ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی میں بنیادی طبی سامان کی قلت، عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت تعاون شروع کر دیا
قلات: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال قلات کی ایمرجنسی میں بنیادی طبی سامان، بالخصوص انجیکشن، کینولا اور سرنج کی قلت کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر قلات کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ایمرجنسی میں طبی سامان کی فراہمی کے لیے تعاون کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
قلات کے صحافی شاہد مینگل کی جانب سے عوام سے ایمرجنسی کے لیے ضروری طبی سامان کی فراہمی میں تعاون کی اپیل کے بعد شہریوں نے مثبت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز بلوچستان موبائل مارکیٹ کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات کی ایمرجنسی کے لیے ضروری انجیکشن، کینولا اور سرنج فراہم کیے گئے، جو ایمرجنسی میں موجود مریضوں کے علاج کے لیے استعمال ہوں گے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی ایمرجنسی میں بنیادی طبی سامان کی مستقل دستیابی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ ہنگامی حالات میں چند لمحوں کی تاخیر بھی کسی قیمتی انسانی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ شہریوں نے مخیر حضرات، تاجروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور دیگر صاحبِ استطاعت افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے آگے بڑھیں اور ایمرجنسی میں ضروری طبی سامان کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔
قلات کے عوام کا یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مشکل وقت میں اہلِ علاقہ ایک دوسرے کا سہارا بن سکتے ہیں۔ کسی ایک انسانی جان کو بچانا درحقیقت پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات کی ایمرجنسی میں ضروری ادویات اور بنیادی طبی سامان کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ مریضوں کو علاج کے لیے درکار سہولیات بروقت میسر آ سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.