قلات میں سرکاری محکموں کی پوسٹوں کے آرڈرز سالوں سے زیرِ التوا، تعلیم یافتہ نوجوان شدید مشکلات کا شکار
قلات(زیبائے پاکستان) قلات میں مختلف سرکاری محکموں کی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے درخواستیں جمع کروانے والے تعلیم یافتہ نوجوان کئی سال گزرنے کے باوجود اپنے تقرری کے آرڈرز کے منتظر ہیں، جس کے باعث نوجوان شدید ذہنی اذیت اور بے روزگاری کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔
جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی نائب صدر ذوالقرنین نوشیروانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قلات کے تعلیم یافتہ اور قابل نوجوانوں کے ساتھ سرکاری آسامیوں کے آرڈرز روک کر انتہائی ناانصافی کی جا رہی ہے۔ نوجوانوں نے میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود انہیں تقرری کے احکامات جاری نہیں کیے جا رہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی تعلیمی قابلیت اور عمر کا قیمتی وقت سرکاری ملازمت کے انتظار میں گزار رہے ہیں، جبکہ بار بار متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود انہیں کوئی واضح جواب نہیں دیا جاتا۔ یہ صورتحال نہ صرف نوجوانوں کے مستقبل کو متاثر کر رہی ہے بلکہ ان میں مایوسی اور بے چینی بھی پیدا ہو رہی ہے۔
ذوالقرنین نوشیروانی نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ حکام کو چاہیے کہ قلات کے مختلف سرکاری محکموں میں زیرِ التوا آسامیوں اور تقرری کے آرڈرز کا فوری جائزہ لے کر میرٹ پر منتخب امیدواروں کو بلا تاخیر تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جن آسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، ان کے تقرری آرڈرز فوری جاری کیے جائیں تاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مزید دربدر کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں اور وہ اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لا سکیں۔
