کرسی ہار گئی #ضمیر جیت گیا

0

پروفیسر فیض محمد شہزاد
حافظ طاہر صاحب کے معاملے نے بلوچستان کے سنجیدہ حلقوں میں ایک اہم بحث چھیڑ دی ہے بہت سے لوگوں کا تاثر ہے کہ انہوں نے اپنے ضمیر اور اصولی مؤقف پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے عہدے کی قربانی دینا قبول کی یہی تاثر اس واقعے کو محض ایک انتظامی فیصلے سے نکال کر کردار اور اقتدار کے درمیان ایک بڑی اخلاقی بحث میں تبدیل کر دیتا ہے
تاریخ گواہ ہے کہ کرسی ہمیشہ وفاداریاں تلاش کرتی ہے جبکہ ضمیر سچائی کا تقاضا کرتا ہے جب یہ دونوں آمنے سامنے آ جائیں تو اکثر لوگ کرسی کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ عہدہ مراعات دیتا ہے اختیار دیتا ہے اور آسائشیں فراہم کرتا ہے مگر چند لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنے وقار خودداری اور اصولوں کو عہدوں سے زیادہ اہم سمجھتے ہیں ایسے کردار ہی معاشروں کی اخلاقی بنیاد بنتے ہیں
حافظ طاہر صاحب کے بارے میں جو تاثر عوامی سطح پر پیدا ہوا ہے اس نے ایک بنیادی سوال کو جنم دیا ہے کہ کیا ایک سرکاری افسر کی سب سے بڑی ذمہ داری شخصیات کی خوشنودی ہے یا اپنے منصب کے وقار اور اپنے ضمیر کی پاسداری یہی سوال اس واقعے کو غیر معمولی بناتا ہے
اقتدار کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ وہ اکثر یہ سمجھ لیتا ہے کہ عہدہ چھین لینے سے انسان بھی چھوٹا ہو جاتا ہے حالانکہ تاریخ کا فیصلہ اس کے برعکس ہے تاریخ میں بے شمار ایسے لوگ گزرے ہیں جن کے پاس اختیار نہیں تھا مگر ان کا کردار آج بھی زندہ ہے جبکہ بے شمار صاحبانِ اقتدار وقت کی گرد میں گم ہو چکے ہیں
حافظ طاہر صاحب کے حوالے سے اب جو بات سب سے نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے وہ ان کا عہدہ نہیں بلکہ ان کا کردار ہے لوگ کسی نوٹیفکیشن کو یاد نہیں رکھتے لوگ یہ یاد رکھتے ہیں کہ مشکل وقت میں کون اپنے مؤقف پر قائم رہا اور کون مصلحت کے سامنے جھک گیا۔
عہدے ملنا اور چھن جانا ریاستی معاملات کا حصہ ہیں لیکن خودداری کا تحفظ ایک اخلاقی کامیابی ہے یہی وجہ ہے کہ آج بحث کسی کرسی کی نہیں بلکہ ایک ایسے طرزِ عمل کی ہو رہی ہے جسے بہت سے لوگ زندہ ضمیر اصول پسندی اور کردار کی علامت قرار دے رہے ہیں
وقت گزر جائے گا فیصلے بدل جائیں گے اور عہدے نئے لوگوں کے پاس چلے جائیں گے مگر یہ حقیقت اپنی جگہ قائم رہے گی کہ کردار کی طاقت ہر عہدے سے بڑی ہوتی ہے کرسی وقتی ہوتی ہے ضمیر دائمی ہوتا ہے اختیار محدود ہوتا ہے مگر خودداری کی گونج نسلوں تک سنائی دیتی ہے
کرسی چند دنوں کی مہمان ہوتی ہے لیکن اپنے ضمیر کے ساتھ کھڑا ہونے والا انسان تاریخ میں دیر تک زندہ رہتا ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.