کوئٹہ: ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، شہریوں کا وزیراعلیٰ اور ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان )کوئٹہ شہر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پہلے ہی عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ دوسری جانب ایران سے آنے والے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث شہری مزید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کے مطابق کوئٹہ شہر کی تقریباً ہر اہم شاہراہ اور گلی میں ایرانی پیٹرول کی فروخت عام ہے اور ایرانی پیٹرول وافر مقدار میں دستیاب ہونے کے باوجود اس کے نرخ مسلسل بڑھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایرانی پیٹرول کے نرخوں میں من مانا اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے انتظامیہ کو ایرانی پیٹرول کی قیمت مقررہ حد سے تجاوز نہ کرنے کے حوالے سے ہدایات دی گئی تھیں، تاہم اس کے باوجود قیمتوں میں مسلسل اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
کوئٹہ کے شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، مارکیٹ کی نگرانی مؤثر بنائی جائے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی سے پہلے ہی متاثرہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.