بلوچستان کے عوام کے لیے بڑا تحفہ، جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ افتتاح
سریاب تا کچلاک 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی بحالی و اپ گریڈیشن، منصوبہ 120 دن میں تقریباً 3 ارب روپے کی لاگت سے مکمل
کوئٹہ (رپورٹ: پرنس الہی بخش)حکومت بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام، جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔ یہ بلوچستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین سروس ہے، جس کا مقصد کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ، بااعتماد اور نسبتاً سستی سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
جناح پیپلز ٹرین سروس کا آغاز بلوچستان میں جدید، منظم اور عوام دوست سفری نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سروس سے طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین، مزدوروں، تاجروں، خواتین، بچوں اور عام شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی جبکہ کوئٹہ سے ملحقہ علاقوں کے شہریوں کے لیے شہر تک رسائی بھی مزید آسان ہوگی۔
یہ اہم منصوبہ حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلوے کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت سریاب سے کچلاک تک 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کو مکمل طور پر اپ گریڈ اور بحال کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ ریکارڈ مدت یعنی تقریباً 120 دن میں مکمل کیا گیا، جس پر تقریباً 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔
سات اہم اسٹیشنز جناح پیپلز ٹرین کے روٹ میں شامل

جناح پیپلز ٹرین کے روٹ میں مجموعی طور پر سات اسٹیشنز شامل ہیں، جن میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر ہالٹ، کوئٹہ، لور کاریز ہالٹ اور سریاب شامل ہیں۔ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ان اسٹیشنز پر مختلف ترقیاتی، تعمیراتی اور اپ گریڈیشن کے کام بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت سریاب اور کچلاک ریلوے اسٹیشنز پر نئے ٹرن ٹیبلز کی تنصیب و تکمیل کے ساتھ دونوں اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی گئی۔ شیخ ماندا اسٹیشن میں بھی بہتری کے مختلف کام مکمل کیے گئے جبکہ بلیلی اسٹیشن پر تعمیراتی اور اپ گریڈیشن کا کام کیا گیا۔
اسی طرح جی او آر ہالٹ کی تعمیر نو، سولرائزیشن، بجلی کی سہولیات کی فراہمی اور مسافروں کے لیے نئے فرنیچر و بینچز کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ رہی۔ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن جبکہ لور کاریز ہالٹ پر تعمیراتی اور تکمیلی کام بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
ریلوے کوچز بھی پاکستان میں تیار
جناح پیپلز ٹرین کے لیے استعمال ہونے والے کوچز پاکستان ریلوے کی کیرج فیکٹری اسلام آباد میں تیار کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق کوچز کی تیاری کا کام ریکارڈ تقریباً چار ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا، جس میں پاکستان ریلوے کے محنت کشوں اور فنی عملے کی انتھک محنت شامل رہی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جناح پیپلز ٹرین کے منصوبے کی تکمیل پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور حکومت بلوچستان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین بلوچستان کے عوام کو جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے پورے پاکستان کا قومی ادارہ ہے اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے عوامی خدمت، سفری سہولیات اور قومی رابطے کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت ریلوے اور پاکستان ریلوے کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین سروس بلوچستان میں عوامی سفری سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو روزمرہ سفر میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، سفری مشکلات میں کمی اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ جناح پیپلز ٹرین بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو ایک محفوظ، بااعتماد اور کم خرچ سفری متبادل میسر آئے گا۔
عوامی سفری سہولیات میں اہم اضافہ
جناح پیپلز ٹرین سروس کا آغاز نہ صرف کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کے لیے سفری سہولت میں اضافہ ہے بلکہ اسے بلوچستان میں جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی جانب بھی ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سریاب سے کچلاک تک ریلوے رابطے کی بحالی اور مختلف ریلوے اسٹیشنز کی تزئین و اپ گریڈیشن سے شہریوں کو روزمرہ سفر کے لیے ایک متبادل اور منظم ذریعہ آمدورفت میسر آئے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس سروس سے کوئٹہ شہر میں سفری دباؤ میں کمی اور گردونواح سے آنے والے شہریوں کے لیے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
جناح پیپلز ٹرین سروس کو بلوچستان کے عوام کے لیے ایک اہم عوامی سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جو محفوظ، بااعتماد اور نسبتاً سستی سفری سہولت کے ساتھ صوبے میں جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی بنیاد مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
