کاشف حیدری کی درخواست پر پولیس کی کارروائی، ریسنگ اور ون ویلنگ کرنے والے افراد گرفتار
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو حراست میں لے لیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی
کوئٹہ (زیبائے پاکستان ) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری کی درخواست پر پولیس نے ریسنگ اور ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی صدر سرکل شوکت جدون کی خصوصی ہدایت پر بروری تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او شمس آغا و دیگر حکام نے بائی پاس روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ریسنگ اور ون ویلنگ کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق بائی پاس روڈ پر بعض نوجوان خطرناک انداز میں موٹر سائیکل ریسنگ اور ون ویلنگ کر رہے تھے، جس سے نہ صرف ان کی اپنی زندگیوں بلکہ دیگر شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق تھے۔ بروری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو حراست میں لے لیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔ کاشف حیدری نے بروری پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کی سڑکوں پر ریسنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں، تاکہ نوجوانوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
