2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ زمیندار آج بھی مشکلات کا شکار، حکومت فوری ریلیف فراہم کرے: ڈاکٹر محمد عباس لاشاری
جھل مگسی(زیبائے پاکستان) زمیندار ایکشن کمیٹی ضلع جھل مگسی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عباس لاشاری نے کہا ہے کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب نے ضلع جھل مگسی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں زمینداروں کی کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ زرعی زمینوں، باغات، مال مویشیوں اور رہائشی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیلاب کے باعث ضلع جھل مگسی کے زمینداروں کو نہ صرف فصلوں کی تباہی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ بڑی تعداد میں مال مویشی بھی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے، جبکہ کئی خاندانوں کے گھر اور دیگر املاک بھی متاثر ہوئیں۔ اس صورتحال نے زمیندار طبقے کو شدید مالی مشکلات اور بدحالی سے دوچار کردیا۔
ڈاکٹر محمد عباس لاشاری نے کہا کہ زمیندار ملکی معیشت اور بالخصوص بلوچستان کی زرعی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے بھاری نقصانات نے ان کی معاشی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ متاثرہ زمینداروں میں سے بہت سے آج بھی اپنے نقصانات کا ازالہ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور دوبارہ اپنی زرعی سرگرمیاں بحال کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز علی بگٹی اور صوبائی و ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے پُرزور مطالبہ اور اپیل کی ہے کہ 2022 کے سیلاب سے متاثرہ ضلع جھل مگسی کے زمینداروں کے نقصانات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور انہیں خصوصی مالی ریلیف، زرعی بحالی پیکیج، بیج، کھاد اور دیگر ضروری زرعی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ متاثرہ زمیندار دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ زمینداروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے، کیونکہ زمینداروں کی بحالی سے نہ صرف ہزاروں خاندانوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ ضلع جھل مگسی میں زرعی پیداوار اور مقامی معیشت بھی دوبارہ مستحکم ہوسکے گی۔
ڈاکٹر محمد عباس لاشاری نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام متاثرہ زمینداروں کی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے جلد ایک جامع ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔
