مچھ (زیبائے پاکستان) مچھ بولان کا سول ہسپتال جو غریب عوام کے لیے آخری امید سمجھا جاتا ہے، آج کرپشن، نااہلی اور بے حسی کی بدترین مثال بن چکا ہے۔
گزشتہ روز ہسپتال میں ایک دلخراش منظر دیکھا گیا جہاں ایک معصوم بچہ ایکسیڈنٹ کے بعد شدید درد سے تڑپتا رہا، لیکن ایمرجنسی میں نہ کوئی ڈاکٹر موجود تھا، نہ بے ہوشی کا انجکشن (Anesthesia) اور نہ ہی مرہم پٹی کا سامان۔ بچے کی چیخیں سن کر ہسپتال میں موجود لوگوں کے دل دہل گئے مگر عملے کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔
اہم انکشافات اور حقائق:
1. سرکاری دواؤں کی چوری: ذرائع کے مطابق ہسپتال کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی قیمتی ادویات، انجکشن اور دیگر سامان مبینہ طور پر باہر پرائیویٹ میڈیکل اسٹورز پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ غریب مریض کو پرچی تھما کر باہر سے دوا لانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
2. عملے کی غنڈہ گردی اور غیر حاضری: ہسپتال کا بیشتر عملہ ڈیوٹی سے غائب رہتا ہے۔ جو موجود ہوتے ہیں ان کا رویہ مریضوں اور لواحقین کے ساتھ انتہائی بدتمیزی اور بدسلوکی پر مبنی ہے۔ ڈیوٹی روسٹر صرف کاغذوں میں ہے۔
3. صفائی کی ابتر صورتحال: وارڈز اور ایمرجنسی کے اندر جگہ جگہ گندگی، کچرا اور استعمال شدہ سرنجیں پڑی ہیں، جس سے انفیکشن پھیلنے کا شدید خطرہ ہے۔
4. ایم ایس کی مجرمانہ خاموشی: ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کا سارا فوکس صرف سوشل میڈیا پر اپنی تشہیر تک محدود ہے، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انکوائری کے نام پر صرف عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے خانہ پوری کی جاتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں، اس سے قبل بھی تین مرتبہ حکام بالا کو تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے، لیکن فارم 47 کے پیداوار نمائندے اور سفارشی افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
اہلیان مچھ کا مطالبہ:
ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان، سیکرٹری صحت، کمشنر نصیر آباد ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر بولان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ:
1. سول ہسپتال مچھ میں ادویات کی خرد برد کی فوری اور شفاف انکوائری کرائی جائے۔
2. غیر حاضر ڈاکٹروں اور عملے کو فوری معطل کر کے فرض شناس عملہ تعینات کیا جائے۔
3. ہسپتال کی سی ٹی وی فوٹیج اور حاضری رجسٹر کو پبلک کیا جائے۔
4. ایم ایس سمیت تمام ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو اہلیان مچھ احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
