کوئٹہ(زیبائے پاکستان )معروف قبائلی شخصیت، بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری میر حاجی اکبر لہڑی نے بلوچستان کے ممتاز بزرگ سیاستدان ڈاکٹر حکیم لہڑی کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی کی وفات سے بلوچستان ایک بزرگ، مدبر اور تجربہ کار سیاسی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے، مرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی نے اپنی زندگی کے طویل عرصے میں عوامی مسائل کے حل، سیاسی و سماجی معاملات اور علاقے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خاندان بلکہ سیاسی و سماجی حلقوں اور پورے بلوچستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ میر حاجی اکبر لہڑی نے مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور پسماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ڈاکٹر حکیم لہڑی کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ امین
