پیپلز پارٹی بلوچستان کے سنئیر کارکنوں نے حالیہ عہدیداروں کی تقرریاں مسترد کردیں۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں نے پارٹی کی صوبائی کابینہ میں حالیہ عہدیداروں کی تقرریوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی تقرریوں میں ایسے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جو ماضی میں گروپ بندیوں اور پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کرنے والے سینئر رہنماؤں اور نظریاتی کارکنوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری اور نظریاتی جماعت ہے جس کی بنیاد عوامی جدوجہد، جمہوریت، قربانیوں اور اصولی سیاست پر رکھی گئی ہے۔ پارٹی کو موجودہ مقام تک پہنچانے میں سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، جنہوں نے مشکل حالات میں بھی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا اور اس کے نظریات و منشور کے فروغ کے لیے اپنی صلاحیتیں صرف کیں۔ اس کے باوجود صوبائی سطح پر عہدیداروں کی حالیہ تقرریوں کے دوران ان رہنماؤں اور کارکنوں سے مشاورت نہ کرنا افسوسناک اور تشویش ناک امر ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ عہدوں کی تقسیم میں میرٹ، تنظیمی کارکردگی، پارٹی سے وفاداری اور سیاسی جدوجہد کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ اگر پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کرکے گروپ بندیوں میں ملوث اور پارٹی مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے متنازع افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جائے گا تو اس سے کارکنوں میں مایوسی اور بے چینی پیدا ہوگی، جس کے منفی اثرات پارٹی کی تنظیمی ساکھ اور سیاسی مستقبل پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی صوبائی کابینہ میں حالیہ تقرریوں کا جائزہ لیا جائے اور سابق عہدیداروں، سینئر نظریاتی رہنماؤں اور مخلص کارکنوں کو اعتماد میں لے کر ایسے فیصلے کیے جائیں جو پارٹی کے وسیع تر مفاد، تنظیمی اتحاد اور جمہوری روایات کے مطابق ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نظریاتی کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے تحفظات دور کرنا قیادت کی ذمہ داری ہے، تاکہ بلوچستان میں پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.