گنداواہ کے بجلی بحران کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت، 33 کے وی فیڈر کے لیے بجٹ جاری، جلد تعمیراتی کام شروع ہوگا، ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ
جھل مگسی ( زیبائے پاکستان )ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے کہا ہے کہ گنداواہ شہر اور گردونواح میں بجلی کے دیرینہ بحران کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جھل مگسی سے گنداواہ تک 33 کے وی فیڈر کے منصوبے کے لیے بجٹ جاری ہو چکا ہے، جبکہ جلد ہی منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی کی امید ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پرنس الٰہی بخش سیال، جمعیت علماء اسلام ضلع جھل مگسی کے رہنماؤں پر مشتمل وفد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جھل مگسی ارباب خان مگسی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ضلع جھل مگسی کے اہم عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بالخصوص گنداواہ شہر کو درپیش بجلی کے سنگین بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے عوامی مشکلات کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی۔
ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گنداواہ شہر میں بجلی کی غیر تسلی بخش فراہمی ایک دیرینہ مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں کیسکو کے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ تحریری طور پر آگاہ کیا گیا اور بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے متعلقہ فورمز پر معاملہ اٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم پی اے و صوبائی سینئر وزیر نوابزادہ طارق خان مگسی اور ایم این اے نوابزادہ خالد حسین خان مگسی کی مسلسل کوششوں، متعلقہ حکام سے رابطوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دلچسپی کے نتیجے میں 33 کے وی فیڈر کے منصوبے کی منظوری اور بجٹ کے اجرا کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے پر عملی کام شروع ہونے سے گنداواہ کے شہریوں کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ان کے مسائل کا بروقت ازالہ اور ضلع میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور کوششیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایس ڈی آئی (BSDI) فنڈز کے تحت ضلع جھل مگسی میں عوامی مفاد کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ بعض منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ بی ایس ڈی آئی کے تیسرے مرحلے کے تحت بھی ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جو عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے، شہری سہولیات بہتر بنانے اور علاقے کی مجموعی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
سید رحمت اللہ شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی مفاد کے اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
گنداواہ کے لیے 33 کے وی فیڈر منصوبے کی پیش رفت کو بجلی کے دیرینہ بحران کے حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کو امید ہے کہ منصوبے پر جلد عملی کام شروع ہونے سے شہر میں بجلی کی فراہمی بہتر ہوگی اور شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے گی۔
