جھل مگسی (زیبائے پاکستان)صحت مند ماں، صحت مند بچہ اور محفوظ مستقبل کے لیے مثبت رویوں کا فروغ ضروری ہے، مقررین
ضلع جھل مگسی کے سرکٹ ہاؤس گنداواہ میں ماں، نوزائیدہ اور بچے کی صحت کے فروغ کے لیے MNCH Key Priority Behaviors Intervention 2026 کے تحت ضلعی سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی خان مگسی تھے۔
سیمینار میں انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے مقاصد اور ترجیحات پر بریفنگ دی، جبکہ پرنس الٰہی بخش سیال، سی سی او خاور ندیم، صوبائی ایس بی سی کنسلٹنٹ، ای پی آئی ہیڈ کوارٹر کے خیر محمد رند اور عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے نمائندگان ڈاکٹر زامران اور سیف اللہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ دورانِ حمل خواتین کی باقاعدہ طبی نگرانی، محفوظ ادارہ جاتی زچگی، ماں کا دودھ، متوازن غذا، بچوں کی بروقت ویکسینیشن اور فوری طبی امداد ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے روایتی غلط فہمیوں اور نقصان دہ رسومات کے خاتمے کے لیے عوامی آگاہی اور کمیونٹی کی مؤثر شمولیت پر بھی زور دیا۔
سیمینار میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں، محکمہ صحت کے افسران، طبی ماہرین، صحافیوں، سماجی شخصیات اور قبائلی عمائدین سمیت 50 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، میڈیا اور سماجی تنظیموں کے باہمی تعاون سے ضلع میں ماں، نوزائیدہ اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جائے گا۔
