سردی میں گیس لوڈ شیڈنگ عوام کیساتھ زیادتی یے۔اسلم اچکزئی

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے صوبائی صدر اسلم اچکزئی نے کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے دوبارہ آغاز پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ گیس کی جانب سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ایک طرف صارفین کو چند یونٹ گیس استعمال کرنے پر 20 ہزار روپے سے زائد کے بھاری بل ارسال کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جو عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے، مگر افسوس کہ کوئٹہ کے عوام بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود گھروں میں کھانا پکانے اور سردی سے بچاؤ کے لیے گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔ متعلقہ حکام اور محکمہ گیس کی انتظامیہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے گیس کی بلا تعطل فراہمی اور پریشر معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کریں، تاکہ شہریوں کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔ اسلم اچکزئی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے اور صارفین سے بھاری بل وصول کرنے کے باوجود انہیں مطلوبہ سہولت فراہم نہ کرنا قابل تشویش ہے۔ انہوں نے اہلِ کوئٹہ کو یقین دلایا کہ چاہے کوئی سیاسی جماعت عوام کے ساتھ کھڑی ہو یا نہ ہو، مظلوم عوامی تحریک پاکستان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے بنیادی حقوق کے حصول، مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.