کوئٹہ (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کرے، کیونکہ ملک میں گزشتہ کئی ماہ سے مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہِ راست اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا پر پڑتے ہیں، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، عام آدمی کے لیے اپنے گھر کا بجٹ چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، جبکہ کئی غریب خاندانوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے۔ آٹا، چاول، چینی، گھی، ایل پی جی، مٹی کا تیل، انڈے، گوشت اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ عام شہری کی قوتِ خرید جواب دے گئی ہے۔انھوں نےکہا کہ حکومت کو چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر ہونے والی کمی کا فائدہ محض اعلانات تک محدود نہ رکھے بلکہ اس کے ثمرات فوری طور پر عوام تک پہنچائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
