قلات سنگداس چیک پوسٹ عذاب بن چکا ہے۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کہا ہے کہ قلات سنگداس چیک پوسٹ عوام اور تیل بردار چھوٹی گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیوروں کے لیے عذاب بن چکی ہے، جہاں مبینہ طور پر فی گاڑی تین ہزار روپے زبردستی وصول کیے جا رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں روزگار کے حصول کے لیے تیل بردار چھوٹی گاڑیاں چلانے والے غریب افراد کو مبینہ بھتہ خوری کے ذریعے مزید مشکلات سے دوچار کرنا ظلم کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگداس چیک پوسٹ پر مبینہ طور پر بھتہ وصولی اور گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر روکنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ عام شہری بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اگر کسی گاڑی کے خلاف قانونی کارروائی درکار ہو تو قانون کے مطابق عمل کیا جائے، لیکن کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ اپنی مرضی سے عوام سے رقم وصول کرے اور انہیں ذہنی و معاشی اذیت میں مبتلا کرے۔ سید صادق آغا نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قلات سنگداس چیک پوسٹ کا فوری خاتمہ کیا جائے، مبینہ بھتہ وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام، ٹرانسپورٹرز اور تیل بردار چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو اس عذاب سے نجات مل سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.