کوئٹہ (زیبائے پاکستان) کیسکو لیبر یونین بلوچستان کے صدر پیر محمد کاکڑ، سرپرست اعلیٰ آغا سلطان شاہ اور جنرل سیکرٹری ملک سعید جان نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے اتحاد، حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے کیسکو لیبر یونین کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ہائیڈرو یونین سے مستعفی ہوکر سید آصف شاہ، امجد علی سمیت متعدد محنت کشوں کی کیسکو لیبر یونین میں شمولیت مزدور تحریک کے لیے ایک مثبت پیش رفت اور ہماری جدوجہد پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید آصف شاہ، سیفٹی انسپکٹر چیف آفس، عبدالستار ایل ایم مستونگ سب ڈویژن، سرور لاشاری ایل ایم ون شیخ ماندہ سب ڈویژن، محمد علی محمد شہی شیخ ماندہ سب ڈویژن، محمد عمر ایل ڈی سی چیف آفس اور امجد علی ایل ایم ون سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن نے اپنے ہم خیال ساتھیوں سمیت آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سے باقاعدہ استعفیٰ دے کر کیسکو لیبر یونین بلوچستان میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر اسلام یوسفزئی بھی موجود تھے۔رہنماؤں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور مزدور اتحاد کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔رہنماؤں نے کہا کہ کیسکو لیبر یونین کا بنیادی مقصد محنت کشوں کی فلاح و بہبود، ان کے جائز حقوق کا حصول اور ملازمین کو درپیش مسائل کا عملی بنیادوں پر حل ہے۔ جی ایس او اسٹاف کے لیے ڈینجر الاؤنس کی فوری منظوری، لائن اسٹاف کی پروموشنز کو دوبارہ سرکل سطح پر بحال کرانا، مشکل ترین فیلڈ حالات میں فرائض انجام دینے والے لائن سپرنٹنڈنٹس کے لیے خصوصی ہارڈ شپ الاؤنس، ڈرائیورز کو ڈینجر الاؤنس کی فراہمی اور ادارے سے بلیک میلنگ، بھتہ خوری اور کرپشن کے خاتمے سمیت صحت مند صنعتی ماحول کا قیام یونین کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیسکو میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا آغاز خوش آئند ہے اور یہ کیسکو لیبر یونین کا دیرینہ مطالبہ بھی رہا ہے، تاہم نئی بھرتیوں کے نام پر عرصہ دراز سے ادارے میں خدمات انجام دینے والے کنٹیجنٹ ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔ ان ملازمین کی بڑی تعداد پندرہ سال سے زائد عرصے سے ادارے کی خدمت کر رہی ہے اور ان میں سے بیشتر کی عمریں 35 سال سے تجاوز کر چکی ہیں، جس کے باعث وہ مشتہر آسامیوں کے لیے مقررہ عمر کی حد پر پورا نہیں اتر سکتے۔کیسکو لیبر یونین کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے کنٹیجنٹ ملازمین کو خصوصی عمر کی رعایت فراہم کرتے ہوئے نئی بھرتیوں میں ترجیح دی جائے، تاکہ ان کی برسوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کے خاندانوں کا معاشی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کو بے روزگار کرنے سے کئی خاندانوں کے گھروں کے چولہے بجھنے کا خدشہ ہے، لہٰذا انتظامیہ انسانی ہمدردی اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
