اقتدار منزل نہیں ، عوام کے حقوق کا حصول سیاست کا محور ہے۔ صادق خان اچکزئی

0

کوئٹہ/بٹگرام(زیبائے پاکستان) مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا سب سے بڑا سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، بدقسمتی سے پاکستان کے نوجوان بے روزگاری، معاشی مشکلات اور محدود مواقع جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں، جن کے حل کیلئے مؤثر اقدامات اور نوجوانوں کو قومی و سیاسی دھارے میں بھرپور نمائندگی دینا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹگرام کے دورے کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بٹگرام پہنچنے پر عوام کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور اپنی محبت، جوش و جذبے اور سیاسی وابستگی کا اظہار کیا۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے وائس چیئرمین ضیاء اللہ خان بنگش، اسد اللہ حقانی، عابد پٹھان، ایوب خان، بسم اللہ جان سمیت مرکزی و صوبائی قائدین اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔حاجی صادق خان اچکزئی نے بٹگرام کے عوام کی جانب سے شاندار استقبال پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان ایک ابھرتی ہوئی سیاسی قوت ہے، جس کا مقصد ملک کے محروم، مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بننا اور انہیں ایک مضبوط سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ہماری سیاست کا محور اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کی خدمت، نوجوانوں کی سیاسی تربیت اور ملک کے بنیادی مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور سیاسی عدم استحکام جیسے متعدد چیلنجز سے دوچار ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ سیاسی قیادت، قومی یکجہتی اور عوامی شمولیت ضروری ہے۔ ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں کو یکساں حقوق، وسائل اور ترقی کے مواقع فراہم کیے بغیر حقیقی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان امن، روزگار، انصاف، برابری اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں، محنت کشوں، خواتین اور محروم طبقات کو فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی حاصل ہو تاکہ ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکے۔ چیئرمین نے بٹگرام کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ قدرتی وسائل، باصلاحیت نوجوانوں اور محنتی عوام کا خطہ ہے، یہاں تعلیم، صحت، روزگار، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بٹگرام کے عوام کے مسائل اور ان کی آواز کو قومی سطح پر اجاگر کرنا ہماری سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام سے اپنے روابط مزید مضبوط بنائیں، گھر گھر جاکر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی جدوجہد کا بنیادی مقصد بنائیں۔ آخر میں انہوں نے بٹگرام کے عوام کا دوبارہ شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے جس محبت اور اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ہمارے لیے باعث فخر بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور ان کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.