پٹرولیم قیمتوں میں روزانہ اتار چڑھاؤ قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ ظاہر شاہ کاکڑ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)آل پاکستان بس یونین اور پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ، مرکزی جنرل سیکرٹری وزیر خان کاکڑ، نائب صدر اقبال سرگڑھ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حبیب اللہ اور نائب صدر عبدالمتین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اتار چڑھاؤ کو قوم کے ساتھ مذاق اور فی لیٹر 80 روپے پٹرولیم لیوی عائد کرنے کو عوام اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنے کاروباری معاملات اور کرایوں کا تعین کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس کے براہ راست اثرات عام شہریوں، مسافروں، مزدوروں اور غریب طبقے پر پڑتے ہیں۔ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، ایسے میں فی لیٹر 80 روپے لیوی وصول کرنا عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید ٹیکسوں اور لیویز کا بوجھ ڈالنے کی پالیسی ترک کرے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر ملک کی معیشت اور عوامی آمدورفت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن مسلسل بڑھتے ہوئے اخراجات، مہنگا ڈیزل، پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں نے اس شعبے سے وابستہ افراد کو معاشی مشکلات میں مبتلا کردیا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے مستقل اور عوام دوست پالیسی مرتب کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کاروباری استحکام اور عوام کو سفری سہولیات میسر آسکیں۔آل پاکستان بس یونین کے رہنماؤں نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر خزانہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا سلسلہ بند، فی لیٹر 80 روپے لیوی پر نظرثانی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.