کوئٹہ(زیبائے پاکستان) آل بلوچستان بے روزگار یونین کے مرکزی صدر میر زبیر لانگو، جنرل سیکرٹری لطیف شاہوانی اور دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ ایرانی پٹرول ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار اور باعزت ذریعہ معاش کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے نہ صرف نوجوان بلکہ ہزاروں خاندانوں کا چولہا جل رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اس کاروبار سے منسلک افراد کے مسائل کو سنجیدگی سے سمجھتے ہوئے انہیں سہولیات فراہم کرے تاکہ ان کے روزگار کو تحفظ حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے ہی بے روزگاری کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے، سرکاری سطح پر روزگار کے مواقع محدود ہیں جبکہ نجی شعبے میں بھی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مناسب مواقع موجود نہیں۔ ایسے حالات میں ایرانی پٹرول کا کاروبار ہزاروں نوجوانوں کے لیے معاشی سہارا بنا ہوا ہے۔ اگر اس کاروبار سے وابستہ افراد کو مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تو اس کے اثرات براہ راست ہزاروں خاندانوں کی معاشی زندگی پر مرتب ہوں گے۔عہدیداروں نے کہا کہ حکومت روزگار کے اس ذریعے کو ختم کرنے یا محدود کرنے کے بجائے اس سے وابستہ افراد کے لیے واضح اور قابل عمل پالیسی مرتب کرے، انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور کاروبار کو بہتر انداز میں جاری رکھنے کے لیے ضروری سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، نوجوانوں سے روزگار چھیننے کے بجائے انہیں روزگار کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایرانی پٹرول کے کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد کے معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں اور ایسا نظام وضع کیا جائے جس سے حکومتی قواعد و ضوابط کی پاسداری کے ساتھ نوجوانوں کا روزگار بھی محفوظ رہ سکے۔
