نئے صوبوں کا قیام ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔ سید امان شاہ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں قرار دیتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انتظامی امور کو بہتر بنانے، عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کا راستہ ہموار ہوسکے۔ اپنے ایک بیان میں سید امان شاہ نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں انتظامی امور کو مؤثر بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے انتظامی یونٹس میں اضافہ کیا جاتا ہے، پاکستان بھی ایک وسیع و عریض ملک ہے جہاں آبادی میں مسلسل اضافے اور انتظامی مشکلات کے باعث نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد کسی علاقے یا قوم کو تقسیم کرنا نہیں بلکہ عوام کو بہتر انتظامی سہولیات، تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ جب بھی ملک میں نئے انتظامی ڈویژنز یا صوبوں کے قیام کی بات کی جاتی ہے تو بعض حلقوں کی جانب سے مخالفت کے ساتھ خون خرابے اور انتشار کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ایسے عناصر کو سمجھنا چاہیے کہ جمہوری معاشرے میں اختلاف رائے ہر شہری کا حق ہے، لیکن انتظامی اصلاحات کے خلاف تشدد اور خون خرابے کی باتیں کرنا کسی صورت قومی مفاد میں نہیں۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر خون خرابے کی باتیں کرنے والے ملک اور عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور مضبوط انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو سیاسی مفادات اور لسانی و علاقائی تعصبات سے بالاتر ہوکر قومی ضرورت کے تناظر میں دیکھا جائے۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں، دانشوروں اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے مطابق پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ملک میں مثبت تبدیلی، مضبوط جمہوری نظام اور عوامی مسائل کے مستقل حل پر یقین رکھتی ہے۔ نئے صوبوں کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوسکتا ہے، جس سے نہ صرف انتظامی اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے بلکہ محروم اور پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ قومی اہمیت کے اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اقدامات کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.