میڈیا کو اسمبلی اجلاس کی کوریج سے روکنے کی تجویز صحافت پر قدغن کے مترادف ہے۔ بلوچستان میڈیا فورم

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی بیان میں صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات میر ظہور بلیدی کی جانب سے نجی میڈیا کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاسوں کی کوریج سے روکنے کی تجویز پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزاد صحافت، آزادی اظہار اور عوام کے معلومات تک رسائی کے بنیادی حق پر قدغن لگانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی ایک جمہوری اور عوامی نمائندہ ادارہ ہے، جہاں عوامی مسائل، حکومتی پالیسیوں، قانون سازی اور عوامی نمائندوں کی کارکردگی زیر بحث آتی ہے۔ ایسے اہم فورم کی کارروائی عوام تک پہنچانا میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے اور نجی میڈیا اس ذمہ داری کی ادائیگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔بلوچستان میڈیا فورم کے مطابق نجی ٹی وی چینلز، اخبارات اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو اسمبلی اجلاسوں کی کوریج سے روکنے یا ان کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے صحافتی آزادی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے تحت کام کرنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ میڈیا کا کام حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی تقاریر، عوامی مسائل اور ایوان میں ہونے والی سرگرمیوں کو غیر جانبدارانہ انداز میں عوام تک پہنچانا ہے، جس سے جمہوری عمل مضبوط ہوتا ہے۔ بلوچستان میڈیا فورم نے میر ظہور بلیدی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی تجویز پر نظرثانی کریں اور صحافتی حلقوں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی کسی بھی پالیسی یا اقدام کی حمایت سے گریز کریں جو نجی میڈیا کی آزادی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو متاثر کرے۔ بلوچستان میڈیا فورم نے واضح کیا کہ اسمبلی کی کوریج صحافیوں کا پیشہ ورانہ حق اور عوامی مفاد کا اہم تقاضا ہے، جس کا تحفظ تمام جمہوری قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.