کوئٹہ(زیبائے پاکستان)آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کے مرکزی ترجمان اور کوئٹہ کی تاجر برادری، کاروباری حلقوں ، ٹرانسپورٹرز اور مختلف شہری و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) کی موجودہ انتظامی پالیسیوں، سینئر افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور ادارے کے مالی معاملات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور متعلقہ احتسابی اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے مطابق ادارے کے تجربہ کار اور سینئر افسران کو مبینہ طور پر او ایس ڈی بنا کر اہم انتظامی عہدوں سے دور رکھنا اور ان کے خلاف انکوائریاں شروع کرنا تشویش ناک ہے۔ ڈائریکٹر کمرشل، ریزیڈنشل، ٹاؤن پلاننگ، ورکس اور بلڈنگ کنٹرول سمیت اہم شعبوں میں تعیناتیوں کے حوالے سے بھی میرٹ اور سنیارٹی کو نظرانداز کرنے کے خدشات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی میں منسوخ شدہ پلاٹوں کی دوبارہ الاٹمنٹ، مجوزہ کمرشل سینٹر اور دیگر منصوبوں کی تشہیر پر سرکاری فنڈز کے استعمال سمیت ادارے کے تمام مالی معاملات اور ٹھیکوں کی شفافیت کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ قیمتی سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ میں عدالتی احکامات اور مروجہ قواعد کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔ تاجر اور ٹرانسپورٹرز رہنماؤں نے خبردار کیا کہ ادارے کی انتظامی اور مالی بے ضابطگیوں پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات نہ صرف سیکڑوں ملازمین اور پنشنرز بلکہ کوئٹہ کے لاکھوں شہریوں کے مفادات اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری، نیب اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا کہ کیو ڈی اے کے انتظامی و مالی معاملات کی غیرجانبدارانہ اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں، سینئر افسران کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے اور ادارے میں میرٹ، سنیارٹی اور شفافیت کی بنیاد پر تقرریاں یقینی بنائی جائیں۔
