وزیراعظم آج ’’محفوظ دوا‘‘ موبائل ایپ کاافتتاح کریں گے

0

اسلام آباد (زیبائے پاکستان) وزیراعظم شہباز شریف آج ’’محفوظ دوا‘‘ایپ کا افتتاح کریں گے ، جس سے شہری ادویات کی تصدیق کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ صحت نے ملک بھر سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے مکمل خاتمے کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے جدید ’ٹریک اینڈ ٹریس‘ اور ٹوڈی (2D) بارکوڈ نظام نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان وزارتِ صحت نے بتایا کہ وزیراعظم آج اس جدید نظام اور ’’محفوظ دوا‘‘ موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ادویات کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی کڑی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عملدرآمد لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

اس نئے قانون کے تحت اب ہر دوا کے پیک پر منفرد ٹوڈی بارکوڈ اور سیریل نمبر درج کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ٹوڈی بارکوڈ کے بغیر کسی بھی دوا کی درآمد اور فروخت کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

وزارتِ صحت کے مطابق ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کے متعارف ہونے سے ہر دوا کی شناخت اب محض ایک اسکین سے ممکن ہو سکے گی۔

شہری اپنے موبائل فون سے دوا کے پیک پر موجود ٹوڈی بارکوڈ اسکین کر کے فوری طور پر اس کے اصلی یا نقلی ہونے کی تصدیق کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ ایپ کے ذریعے صارفین کو دوا کی اصلیت، میعادِ استعمال (ایکسپائری)، مقررہ قیمت اور طریقہ استعمال سے متعلق تمام مستند معلومات بھی دستیاب ہوں گی، جس سے جعلی ادویات کی مؤثر روک تھام اور بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.