ایران پر حملے جارحیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سنئیر نائب صدر سید صادق آغا نے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں اور بے گناہ شہریوں کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی خودمختار ملک پر اس طرح کی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید بدامنی اور نفرت کو جنم ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں عام شہریوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کی شہادت نے پوری امت مسلمہ کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا احترام ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے اور عالمی طاقتوں کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ سید صادق آغا نے اسرائیل اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کی کارروائیوں کو خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرز عمل سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگ بندی یقینی بنائی جائے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے اور مظلوم عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت کرنی چاہیے۔ اگر صورتحال پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جائیں گے۔ سید صادق آغا نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور امن و انصاف کے قیام کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.