کوئٹہ: ٹریفک پولیس کے ناکوں اور مبینہ بلاجواز چالانوں پر شہریوں کا اظہار تشویش، حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
کوئٹہ (زیبائے پاکستان )کوئٹہ شہر میں گزشتہ ایک ماہ سے مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ناکے لگا کر موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور عام شہریوں کے چالان کیے جانے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار مزدور اور غریب طبقہ معمولی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کی وجہ سے مزید پریشانی کا سامنا کر رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق بعض اوقات ون وے کی خلاف ورزی یا دیگر ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزی پر بھی فوری چالان کیا جاتا ہے، جبکہ بعض رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ انہیں بھی مختلف وجوہات کی بنا پر چالان کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ بعض اہلکار چالانوں میں سختی کے حوالے سے اعلیٰ افسران کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کوئٹہ شہر کے ساتھ ساتھ سریاب بائی پاس، نواں کلی، ایئرپورٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں مبینہ طور پر غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف کارروائی کیوں نظر نہیں آتی۔
شہریوں نے چیف جسٹس بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی پولیس اور ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بلاامتیاز یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کے اندر ہی نہیں بلکہ شہر سے باہر جانے والے راستوں اور بائی پاسز پر بھی مؤثر چیکنگ اور ناکے لگائے جائیں تاکہ غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ یا مشکوک گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف کارروائی ہو سکے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ہر شخص کے خلاف یکساں کارروائی کی جائے اور غریب شہریوں، مزدوروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو بلاوجہ ہراساں کرنے کے بجائے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر شفاف اور یکساں طریقہ کار اپنایا جائے شہر کے اندر اس طرح چالان اور بھاری جرمانے سمجھ سے بالا تر ہیں یہ تو واضع ہے کہ شہر کے بیچ چلنے والی کوئی بھی گاڑی غیر قانونی یا غیر رجسترڈ ہونا مشکل سی بات زیادہ تر اس طرح کی گاڑیاں رکشے موٹر سائیکل وغیرہ شہر سے باہر کے علاقوں میں چلتے ہیں مبینہ طور پر شہر میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ ٹریفک پولیس کو روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک دیا جاتا ہے کہ اتنے چالان کرنے ہیں یہ ٹاسک افسران کی جانب سے دیا جاتا ہے یا یہ ان ٹریفک پولیس اہلکاروں کا خود ساختہ ٹاسک ہے بحرحال اس پر عملدرآمد کے چکر میں غریب رکشہ ڈرائیور اور موٹر سائیکل سوار اس کی زد میں آ رہے ہیں
