بلوچ ثقافت ہماری پہچان، تاریخ اور روایات کی عکاس ہے،حاجی علی مدد جتک

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ ثقافت ہماری پہچان، تاریخ اور روایات کی عکاس ہے، جسے زندہ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے ہمیں اپنی صدیوں پرانی روایات، زبان، لباس، مہمان نوازی اور شجاعت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت نہایت رنگا رنگ اور منفرد ہے، جس میں روایتی لباس، دستکاری، بلوچی موسیقی اور لوک رقص کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافتی اقدار کو اپنائیں اور جدید دور کے تقاضوں کے ساتھ ساتھ اپنی روایات کو بھی فروغ دیں۔
بلوچی روایتی لباس
انہوں نے کہا کہ بلوچی روایتی لباس اپنی خوبصورت کڑھائی اور ڈھیلے ڈھالے انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ مرد حضرات شلوار قمیض کے ساتھ پگڑی جبکہ خواتین خوبصورت کڑھائی والے لباس زیب تن کرتی ہیں جو ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
بلوچی موسیقی اور رقص
صوبائی وزیر نے مزید کہا ک بلوچی لوک موسیقی اور رقص خصوصاً ’’چاپ‘‘ بلوچستان کی پہچان ہیں، جو خوشی اور اتحاد کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔
حاجی علی مدد جتک نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ بلوچ کلچر ڈے ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع دیتا ہے کہ ہم اپنی ثقافت، زبان اور روایات کو نہ صرف محفوظ رکھیں گے بلکہ آنے والی نسلوں تک بھی منتقل کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس دن کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائیں اور دنیا کو بلوچ قوم کی پرامن اور مہمان نواز شناخت سے روشناس کرائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.