
کوئٹہ+اندرون بلوچستان(زیبائے پاکستان) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے زیراہتمام صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یومِ مزدور کے موقع پر ریلیوں، جلسوں، ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ کوئٹہ میں دیگر مزدور تنظیموں کے اشتراک سے مرکزی ریلی اور جلسہ منعقد ہوا، جس کی قیادت اور خطاب صوبائی صدر علی بخش جمالی، جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، چیف آرگنائزر شمس خلجی، حاجی سیف اللہ ترین، مقصود بازئی، ملک سعید لہڑی، ہدایت درویش، عزیز احمد سارنگزئی، نظام سارنگزئی، اقبال بادینی، اللہ بخش کرد، محمد زمان، ارشد عباس ڈار، امیر خان یوسفزئی، نصیب اللہ کاکڑ، حاجی محمود خان، حاجی منور خان اور بختیار نورزئی سمیت دیگر رہنماؤں نے کیا۔
دکی میں کول مائنز ورکرز کی ریلی اور جلسے سے شیر محمد کاکڑ، مولوی محمد شاہ شاہیزئی اور مطیع اللہ نے خطاب کیا، جبکہ لورالائی میں نظر کاکڑ، نصراللہ ترین، محمد زئی، ملک امیرزادہ علیزئی اور شاہ ولی کاکڑ نے مزدوروں کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ اسی طرح گنداخہ، شاہرگ، سبی، پشین، اوستہ محمد، خضدار، مستونگ، اوتھل، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ڈھاڈر، ڈیرہ مراد جمالی اور ژوب سمیت دیگر اضلاع میں بھی یومِ مئی کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دریں اثناء، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے ملحقہ بلوچ فشرمین یونین اورماڑہ نے زبیر بلوچ کی صدارت میں یومِ مزدور کو روایتی انداز کے بجائے ایک منفرد ڈرامائی پیشکش کے ذریعے منایا، جس میں محنت کش طبقے کو درپیش مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یومِ مزدور دنیا بھر کے محنت کشوں کی قربانیوں، جدوجہد اور حقوق کے حصول کی علامت ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی مزدور طبقہ بنیادی سہولیات اور حقوق سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے مسائل کا حل اتحاد، یکجہتی اور مسلسل جدوجہد میں مضمر ہے۔ رہنماؤں نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور الاؤنسز میں سو فیصد اضافہ کیا جائے، بلوچستان کے ملازمین کو وفاقی طرز پر ڈی آر اے دیا جائے، مائنز، فشرمین، بھٹہ خشت، زرعی اور صنعتی مزدوروں کو سوشل سیفٹی نیٹ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ مزدوروں کیلئے رہائش، صاف پانی اور صحت و سلامتی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں، حادثات میں زخمی یا شہید ہونے والے مزدوروں کو ایک ماہ کے اندر کمپنسیشن اور ڈیتھ گرانٹ ادا کی جائے۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مارکیٹ کمیٹی کوئٹہ کے ملازمین کو ریگولر کرکے کم از کم اجرت 40 ہزار مقرر کی جائے، بلوچستان کے تمام میونسپل اداروں کے ملازمین کو مستقل کیا جائے اور ان کی تنخواہیں بروقت ادا کی جائیں۔ رہنماؤں نے کیسکو سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے بجائے اصلاحات پر زور دیا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزدوروں کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
