ہزار گنجی بس ٹرمینل اراضی نیلامی کا اعلان مسترد ٹرانسپورٹرز کا احتجاج

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) معروف ٹرانسپورٹرز میر حکمت لہڑی، میر دولت خان لہڑی، حبیب اللہ خان بادیزئی، میر عبدالقادر رئیسانی، میر اکبر لہڑی، حاجی موسیٰ جان اچکزئی، حاجی نصر اللہ دھوار، حاجی علی محمد، حاجی ابراہیم و دیگر نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) کی جانب سے ہزار گنجی کوئٹہ کراچی بس ٹرمینل کی اراضی کی نیلامی کے اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ اراضی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کے دور حکومت میں باقاعدہ طور پر ٹرانسپورٹرز کو الاٹ کی جاچکی ہے، اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز نہ صرف اس اراضی کے واجبات ادا کرچکے ہیں بلکہ اس منصوبے کے تحت عوامی سہولت کے لیے عملی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں اسی اراضی کی دوبارہ نیلامی کا اعلان سراسر غیر قانونی، غیر آئینی اور بدترین کرپشن کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس فیصلے کو فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو ٹرانسپورٹرز برادری سخت احتجاج اور قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے عدالت عالیہ بلوچستان سے از خود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ نہ صرف ٹرانسپورٹرز کے حقوق کا ہے بلکہ عوامی مفاد اور شفافیت کا بھی ہے۔ انہوں نے کور کمانڈر سدرن کمانڈ، قومی احتساب بیورو (نیب) اور اینٹی کرپشن بلوچستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کریں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ بیان میں کہا گیا کہ گورنر بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان اس اہم معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کریں۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ سمیت اپوزیشن جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مسئلے پر آواز بلند کریں اور ٹرانسپورٹرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ٹرانسپورٹرز نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ ہر فورم پر احتجاج کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی اقدام کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.