دشت قومی شاہراہ ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دی گئی ہے. میر عبد الرحیم جتک

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور معروف قبائلی شخصیت حاجی میر عبد الرحیم جتک نے دشت کے مختلف علاقوں خصوصاً مین قومی شاہراہ پر بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈاکوؤں، چوروں اور رہزنوں کی کھلے عام کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے۔ مسلح افراد دن دہاڑے قومی شاہراہ پر ناکے لگا کر شہریوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو لوٹ رہے ہیں اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشت اور اس سے ملحقہ علاقوں کے عوام شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ مسافر اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے سخت تشویش کا شکار ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی اور عوام کو عملاً بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔
میر عبد الرحیم جتک نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال نے شہریوں کو اس بات پر مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے خود اسلحہ اٹھائیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ اگر یہی حالات برقرار رہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ دشت کے علاقوں میں فوری اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، قومی شاہراہ پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، اور ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال کو فوری طور پر قابو نہ کیا گیا تو بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.