لات میں جمعہ کے مقدس دن نماز جمعہ کے اوقات میں بجلی کی مسلسل بندش پر شہریوں، نمازیوں اور مختلف سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار

0

قلات(زیبائے پاکستان )قلات میں جمعہ کے مقدس دن نماز جمعہ کے اوقات میں بجلی کی مسلسل بندش پر شہریوں، نمازیوں اور مختلف سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے متعلقہ ادارے کی سنگین غفلت اور عوامی مشکلات سے لاتعلقی قرار دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز ضلع بھر، خصوصاً دیہی علاقوں سے ہزاروں افراد مساجد اور مدارس کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے وقت میں بجلی کی بندش کے باعث مساجد کی پانی کی ٹینکیاں خالی ہو جاتی ہیں، موٹریں بند رہتی ہیں اور نمازیوں کو وضو کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب شدید گرمی میں پنکھے بند ہونے سے مساجد کے اندر بزرگ نمازی، بیمار افراد، بچے اور دیگر نمازی سخت اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر متعلقہ حکام کو نماز جمعہ اور دیگر نمازوں کے اوقات کا علم ہے تو پھر انہی مقدس اوقات میں بجلی کی بندش کیوں کی جاتی ہے؟ شہریوں کے مطابق یہ طرزِ عمل نہ صرف عوامی مسائل میں اضافے کا باعث بن رہا ہے بلکہ مذہبی عبادات کی ادائیگی میں بھی رکاوٹ پیدا کر رہا ہے، جس پر شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔
شہریوں، علماء کرام، سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس اہم مسئلے پر خاموشی ترک کرتے ہوئے بھرپور آواز بلند کریں اور متعلقہ حکام کو پابند بنائیں کہ نماز جمعہ سمیت پانچوں نمازوں کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کرنے اور آئندہ نمازوں کے اوقات میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے واضح کیا کہ اگر اس مسئلے کا مستقل حل نہ نکالا گیا تو وہ اپنے آئینی اور قانونی حق کے تحت پرامن احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ادارے پر عائد ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.