قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فورسز کیساتھ ہے۔سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے پشین اور چاغی میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دو اعلیٰ افسران سمیت 8 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ، افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں سید صادق آغا نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشین اور چاغی میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے جس بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں ہمارے جوان مسلسل اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں تاکہ ملک کے عوام کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جاسکے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ دہشتگردی ایک قومی چیلنج ہے جس کا مقابلہ کسی ایک ادارے یا صوبے کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کو متحد ہوکر کرنا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے ہر مثبت اور مؤثر کوشش کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان طویل عرصے سے بدامنی اور دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث عام شہریوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے جامع، مؤثر اور مستقل حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ان عناصر کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے تاکہ دہشتگردی کی جڑیں ہمیشہ کیلئے ختم کی جاسکیں۔ سید صادق آغا نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو امن و سلامتی عطا فرمائے اور سیکیورٹی فورسز کے تمام افسران و جوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.