کوئٹہ/کراچی (زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں صنعتی پہیہ رواں رکھنے، معیشت کو مستحکم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی، ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی اور شرح سود کو مناسب سطح پر لانا ناگزیر ہے۔صنعت و تجارت کا شعبہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں مہنگی توانائی، بھاری ٹیکسوں اور بلند شرح سود کے باعث صنعتی شعبہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور مسلسل معاشی بے یقینی نے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث نہ صرف نئی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں بلکہ موجودہ صنعتی اداروں کیلئے بھی اپنی پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔کاروباری ماحول میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستانی صنعتکار عالمی منڈیوں میں مسابقت کی صلاحیت کھو رہے ہیں اور انہیں برآمدی آرڈرز کے حصول میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ حکومت کو صنعتی شعبے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا، کیونکہ مہنگی بجلی اور گیس، بھاری ٹیکسوں اور بلند شرح سود کے ساتھ ملکی صنعت عالمی سطح پر مقابلہ نہیں کر سکتی۔صنعتکاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے، پالیسیوں میں تسلسل لانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی معاشی پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں جن سے صنعتی پیداوار میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا اور برآمدات کو فروغ مل سکے۔ اگر صنعتی شعبے کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو اس کے منفی اثرات قومی معیشت، کاروباری سرگرمیوں اور عوام کے روزگار پر مرتب ہوں گے۔ ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرنا اور صنعتی پہیہ تیزی سے چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
