
کوئٹہ (زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے شہر کی ابتر صفائی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ اس وقت گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اور حالیہ بارشوں نے صفائی کے دعووں کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ کمپنی نے “صفاء” کے نام پر کروڑوں روپے وصول کیے، مگر کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور شہر کو ایشیاء کے گندہ ترین شہروں میں شامل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہرائیں، اطراف کے علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جبکہ نالیاں بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا، جو کہ افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا صفائی نظام موجودہ صورتحال سے کہیں بہتر تھا، جہاں صفائی کا عملہ شکایات پر فوری ردعمل دیتا تھا۔ انہوں نے موجودہ نظام کو مکمل ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سے اپیل کی کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور رہنے کے قابل بنایا جا سکے۔
