چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی جامعہ بلوچستان میں اسناد تقسیم کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

کوئٹہ (زیبائے پاکستان )جامعہ بلوچستان میں افسران کے لیے پانچ روزہ تربیتی نشست اور اعزازی اسناد کی تقسیم کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔

یہ تربیتی پروگرام جامعہ بلوچستان اور جامعہ لورالائی کے انتظامی افسران کی مینجمنٹ، شخصیت سازی، استعدادِ کار میں اضافہ اور مؤثر ابلاغی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن NAHE، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور یونیورسٹی ٹریننگ ڈیولپمنٹ سینٹر یو ٹی ڈی سی جامعہ بلوچستان کے اشتراک سے کیا گیا۔

وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا اور تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ لورالائی ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، وائس چانسلر جامعہ تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن احسن بلوچ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، ڈائریکٹر یو ٹی ڈی سی نورالامین کاکڑ، ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ اور انتظامی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر منتظمین اور ٹرینرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تربیتیں ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے اور اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

آخر میں وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے چیئرمین ایچ ای سی اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ شرکاء میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔
