سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے ریٹائرڈ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری اور ان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیے جانے پر گہری تشویش اور شدید مذمت

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے ریٹائرڈ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری اور ان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیے جانے پر گہری تشویش اور شدید مذمت

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی یا انتظامی معاملات پر اختلافِ رائے اور تنقید کا جواب گرفتاریوں، طاقت کے استعمال اور سخت قوانین کے نفاذ سے دینا جمہوری اقدار، آئین اور قانون کی روح کے منافی ہے۔ اختلافِ رائے کا جواب دلیل، مکالمے اور آئینی و قانونی طریقۂ کار کے ذریعے دیا جانا چاہیے، نہ کہ ایسے اقدامات سے جو عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیِ اظہار پر قدغن کا تاثر پیدا کریں۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف درج مقدمے کا فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے۔ اگر مقدمہ محض اظہارِ رائے کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے تو اسے فوری طور پر واپس لیا جائے اور ڈاکٹر عائشہ فیض کو بلا تاخیر رہا کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت وکلاء فورم پاکستان ہر اس اقدام کی مخالفت کرتی ہے جو قانون کی حکمرانی، بنیادی حقوق اور جمہوری روایات کے منافی ہو۔ ایسے اقدامات معاشرے میں نفرت، تقسیم اور بےاعتمادی کو فروغ دیتے ہیں۔ نفرت کے بیج بونا آسان ہوتا ہے، لیکن جب یہ معاشرے میں جڑ پکڑ لیں تو انہیں ختم کرنا نہایت مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے ریاستی اداروں کو ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جو عوام کے دلوں میں نفرت اور دوریاں پیدا کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ ادارے آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے تمام معاملات کو شفاف، منصفانہ اور قانونی تقاضوں کے مطابق نمٹائیں گے تاکہ عوام کا انصاف کے نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.